تہران: ایران کے ایک سینئر سفارت کار نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور یورپ کی تین بڑی طاقتوں فرانس، برطانیہ، اور جرمنی نے پابندیاں ہٹانے اور تہران کے نیوکلیر پروگرام پر بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ مذاکرات جنیوا میں یورپی یونین کی موجودگی میں ہوئے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ مذاکرات ’سنجیدہ، واضح اور تعمیری‘ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پابندیاں ہٹانے اور نیوکلیر معاہدہ سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام فریقین نے پابندیوں کے خاتمہ اور نیوکلیر پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کی اہمیت پر اتفاق کیا اور معاہدہ پر پہنچنے کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران اور یورپی طاقتوں کے درمیان آخری بار نومبر 2024 میں جنیوا میں تہران کے نیوکلیر پروگرام پر مذاکرات ہوئے تھے، جن میں عالمی اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔