ایران بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ 2-2 سے ڈرا

   

لاس اینجلس، 16جون (یو این آئی) ایران نے اپنی 2026 فیفا ورلڈکپ مہم کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف ایک دلچسپ اور کانٹے کے مقابلے میں2-2 ڈراکے ساتھ کیا، اس دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لاس اینجلس کے سوفی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ایلائجا جسٹ نے دو بار نیوزی لینڈکو برتری دلائی، لیکن ایران کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر بار زبردست واپسی کی۔ رامین رضائیان نے گول کیا اور محمد محبی کو تعاون کیا، جس سے ایران نے لاس اینجلس میں زبردست حمایت کے درمیان جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے چاروں گول بہترین تال میل سے بنے مووزکی بدولت آئے اور اس دوران دونوں ٹیموں نے جارحانہ فٹ بال کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ایران کے لیے رضائیان نے 33 ویں اور محبی نے 64 ویں منٹ میں گول کیے ۔ وہیں نیوزی لینڈ کی جانب سے ایلائجا جسٹ نے ساتویں اور54 ویں منٹ میں گول بنائے ۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ جی میں مصر اور بیلجیم کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ 1-1 سے ڈرا پر ختم ہوا اور دونوں ٹیموں نے پوائنٹس تقسیم کیے ۔سیئٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں مصر نے میچ کے آغاز میں ہی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور محمد صلاح کے پاس پر امام عاشور نے باکس کے باہر سے زوردار شاٹ لگا کر تھباؤٹ کورٹوا کو چکمہ دیتے ہوئے برتری حاصل کر لی۔ یہ ایک شاندار گول تھا۔ عاشور کی مسلسل جارحانہ دوڑ اور صلاح کی ہوشیاری، جنہوں نے سینٹر میں نمبر 10کا کردار ادا کرتے ہوئے بیلجیم کے ڈیفنس کے خلاف مسلسل خالی جگہوں کا فائدہ اٹھایا، جو انہیں روکنے کے لیے جدوجہد کر رہا تھا۔بیلجیم کو بھی مواقع ملے ، جن میں کیون ڈی بروین کی شاندار فری کک بھی شامل تھی، جو پوسٹ سے ٹکرا گئی۔ لیکن ریکارڈ گول کرنے والے رومیلوم لوکاکو کے میدان میں آنے سے ہی میچ کا رخ بدلا۔ میدان میں آتے ہی 22 سیکنڈ کے اندر ہی یہ بہترین اسٹرائیکر باکس میں داخل ہو گیا اور اس کی موجودگی سے محمد ہانی اتنے الجھ گئے کہ تھامس میونیر کے نچلے کراس کو انہوں نے اپنے ہی گول میں ڈال دیا۔ ہانی کے لیے یہ ایک افسوسناک لمحہ تھا۔بیلجیم نے جیت کے لیے پوری طاقت جھونک دی، لیکن مضبوط دفاعی لائن اور مصطفیٰ شوبیر کے شاندار بچاؤ کی بدولت مصر نے ایک پوائنٹ حاصل کر لیا۔ افریقی کی ٹیم کو ابھی تک ورلڈ کپ میں ایک بھی جیت نہیں ملی ہے ۔