واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دنیا کو ایران سے تیل کی خریداری کرنے سے روکنے کا اعلان کردیا۔ ایران پر پابندیوں سے متعلق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک یا فرد بھی تیل یا پیٹرو کیمیکل ایران سے خریدے گا اس پر پابندیاں لگائیں گے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے تیل کی خریداری کرنے والے امریکہ سے کسی قسم کا کاروبار نہیں کر سکیں گے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل کی تمام خریداری بند ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان نیوکلیر مذاکرات کا ہفتہ کو ہونے والا دور منسوخ کردیا گیا۔ عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران اور امریکہ مذاکرات کے اگلے دور کیلئے ہفتہ کو ہونے والی ملاقات کو لاجسٹکس بنیادوں پر منسوخ کیا گیا۔ عمانی وزیر خزانہ بدر البوسیدی نے کہا کہ مذاکرات کی نئی تاریخ کا اعلان باہمی رضامندی سے جلد کیا جائے گا۔