ایران میں فوج کے2 پوسٹوں پر حملہ، 11 اہلکار جاں بحق،16دہشت گرد ہلاک

,

   

تہران: ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 11 اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔میڈیا کے مطابق ایران کے صوبے سیستان اور بلوچستان میں واقع راسک اور چاہ بہار میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹر اور ایک فوجی تنصیب پر حملے کیے گئے۔پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹر پر حملے میں 5 اہلکار مارے گئے جب کہ دوسرے حملے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ ایرانی حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملے میں جیش العدل ملوث ہوسکتی ہے۔ادھر پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں 8 حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا جب کہ ایک اور فوجی آپریشن کے دوران دیگر 8 حملہ آور بھی مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے شہر راسک اور چاہ بہار میں بیک وقت 2 پولیس ملٹری پوسٹوں پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق پولیس ملٹری پوسٹس پر حملے میں ملوث 16 دہشت گرد جوابی کارروائی میں ہلاک کر دیے گئے۔ایران کے نائب وزیرِ داخلہ برائے سیکیورٹی و پولیس امور ماجد میر احمدی نے کہا ہے کہ چابہار اور راسک میں بیک وقت ہوئے جیش العدل کے حملے کو مکمل ناکام بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ حملے میں ملوث تمام دہشت گرد آپریشن میں مارے گئے ہیں۔یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں ایران نے پنجگور میں ’جیش العدل‘ کے ٹھکانوں کو ’میزائل اور ڈرون‘ سے نشانہ بنایا تھا جس میں 2 بچے جاں بحق اور 3 لڑکیاں زخمی ہوئی تھیں۔
جس کے جواب میں پاکستان نے ایران کے ساتھ سفارتی سرگرمیاں معطل کردی تھیں اور ایران میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا تھا۔ بعد ازاں دونوں ممالک نے سفارتی سرگرمیاں بحال کردی تھیں۔