تہران : ایران نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے جس میں سعودی عرب پر ایران کے حملے کے بارے میں امریکہ کی جانب سے شیئر کی گئی انٹلی جنس معلومات کا حوالہ دیا گیا ہے اورکہا ہے کہ اس میں ’’بے بنیادالزامات‘‘ شامل ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصرکنعانی نے بدھ کے روز کہاکہ بعض مغربی اور صہیونی جماعتوں کی جانب سے اس طرح کی متعصبانہ خبروں کی اشاعت کا مقصد ایران کے خلاف منفی ماحول پیدا کرنا اور خطے کے ممالک کے ساتھ موجودہ مثبت رجحانات کوختم کرنا ہے۔انھوں نے مزیدکہا کہ ایران باہمی احترام،بین الاقوامی اصولوں اور معاہدوں کے فریم ورک کے اندررہتے ہوئے اپنے ہمسایوں کے ساتھ اچھے ہمسائیگی کے تعلقات کی پالیسی کو جاری رکھے ہوئے ہے اور خطے میں استحکام ،سلامتی کے قیام اور فروغ کو اپنے ہمسایوں کے ساتھ تعمیری بات چیت میں مضمر سمجھتا ہے۔