تہران ۔ یکم؍اگست (ایجنسیز) ایران کی اعلیٰ مشترکہ فوجی کمان خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہٰی نے علاقائی ممالک کو امریکہ کی حمایت سے گریز کی وارننگ دے دی۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک امریکی افواج کے لیے دفاعی ڈھال بنیں گے، وہ بالآخر جنگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہٰی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم ممالک کو دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، امریکہ کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور امریکہ کے ساتھ اپنے تعاون اور صف بندی پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کے ممالک کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ امریکہ اپنی کمزور ہوتی فوجی صلاحیتوں کے باعث ان کی دولت، بنیادی ڈھانچے اور وسائل کو اپنے دفاعی حصار کے طور پر اور اسرائیل کی حمایت کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔ میجر جنرل علی عبداللہٰی نے دعویٰ کیا کہ امریکہ تیزی کے ساتھ خطے کو ایک وسیع تر جنگ کی جانب دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے خطہ کے ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ اپنی تعاون اور ہم آہنگی کی پالیسی پر ازسرِنو غور کریں۔