ایرپورٹ پر عازمین حج کے انتظامات کا جائزہ لینے آج وزراء کا دورہ

   

حیدرآباد۔20۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کیلئے ایرپورٹ پر انتظامات کاجائزہ لینے ریاستی وزراء کے ایشور، محمد محمود علی اور صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ 21 مئی کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کا دورہ کریں گے ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے بعض علاقوں کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مرتبہ ایرپورٹ کے مین ٹرمنل سے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی جبکہ سابق میں علحدہ حج ٹرمنل تیار کیا گیا تھا ۔ ریاستی وزراء اور صدرنشین حج کمیٹی دورہ کے موقع پر ایرپورٹ عہدیداروں کو انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دیں گے ۔ عازمین حج کو حج کیمپ واقع حج ہاؤز نامپلی سے خصوصی بسوںکے ذریعہ ایرپورٹ روانہ کیا جائے گا۔عازمین کی روانگی کا 17 جون سے آغاز ہوگا اور 15 جون سے حج کیمپ شروع ہوگا۔ اسی دوران عازمین حج کیلئے حیدرآباد میں دوسرا تربیت کیمپ 22 مئی اتوار کو مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں منعقد ہوگا۔ مولانا قبول بادشاہ شطاری، مفتی صادق محی الدین فہیم ، مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کے خطاب ہوں گے۔ مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی ، مولانا مفتی سید امجد علی قاسمی اور مولانا سید منیر الدین احمد مختار احکام حج و عمرہ اور سفر حج کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔ر