سنگاریڈی میں ایس آئی آر ہیلپ ڈیسک کا قیام ، نرملا جگا ریڈی کا خطاب ، عوام سے استفادہ کی اپیل
سنگاریڈی ۔14 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حافظ شیخ شفیع وائس چیرمین بلدیہ سنگاریڈی نے بلدیہ وارڈ نمبر 24 اور 26 مخدوم نگر کی عوام کی سہولت کیلئے ایس آئی آر ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے۔ اس کا افتتاح نرملا جگا ریڈی چیر پرسن تلنگانہ انڈسٹریل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن نے کیا۔ انہوںنے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ ملک میں ووٹ چوری کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا جا رہا ہے۔ ایس آئی آر کے نام پر لاکھوں کی تعداد میں مستحق ووٹرس کے نام حذف کئے جا رہے ہیں۔ جمہوری ملک میں ووٹ عوام کا دستوری حق ہے اس کو کسی نام یا عنوان سے چھینا نہیں جا سکتا۔ انھوں نے ایس آئی آر ہیلپ ڈیسک کی قیام کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ ایس آئی آر سے متعلق عوام میں شعور بیداری اور اس کی صحیح تکمیل ضروری ہے۔ انتقال کر گئے ووٹرس، نقل مقامی کرکے دیگر مقامات پر اپنا ووٹ بنوانے والے افراد اور ڈبل ووٹ کے حامل افراد کا نام ووٹرس لسٹ سے نکالنا درست ہے لیکن ایس آئی آر کے نام پر حقیقی ووٹرس کے نام نکالنا غیر قانونی اور نا انصافی ہے۔ اس طرح کے ہیلپ ڈیسک حقیقی ووٹ کے تحفظ میں معاون ثابت ہونگے۔ حافظ شیخ شفیع نے عوام سے کہا کہ ایس آئی آر سے ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ 2002 کی ووٹر لسٹ سے اپنے اور اپنے افراد خاندان کے ناموں کی میاپنگ کروائں۔ اس کے لیے ہیلپ ڈیسک میں مکمل رہنمائی کی جائے گی۔ عوام کا اب جہاں پر ووٹ ہے وہیں پر ایس آئی آر میاپنگ کروائیں۔ دو جگہ میاپنگ نہیں ہوگا۔ عوام 2002 کی ووٹر لسٹ میں اپنا نام ہیلپ ڈیسک سے حاصل کریں اور اس کو محفوظ رکھیں جن افراد کا میاپنگ نہیں ہوا ہے انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ میاپنگ کے بعد والے مرحلے میں ان سے دستاویز لے کر ایس آئی آر میں شامل کیا جائگا۔ حافظ شیخ شفیع نے بتا یا کہ وارڈ نمبر 24 اور 26 میں ہیلپ ڈیسک دو دن یعنی 14 اور 15 مئی کو کام کرے گا۔ عوام اس سے استفادہ کریں۔ ہیلپ ڈیسک میں ریوینیو اور بلدیہ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع خواجہ نواز الدین کونسلر وارڈ نمبر 6، محمد صلاح الدین ببو معاون رکن بلدیہ کے علاوہ کانگریس قائدین و کارکنان موجود تھے۔