بی جے پی پر ووٹوں کی چوری کیساتھ نشستوں کی چوری کا بھی الزام ، نندی پیٹ میں آج بی ایل اے کا تربیتی اجلاس ، طاہر بن حمدان کی پریس کانفرنس
نظام آباد۔ 28 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ناگیش ریڈی صدر نشین اردو اکیڈمی مسٹر طاہر بن حمدان نے کہا کہ ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے دوران کانگریس کے حق میں موجود ایک بھی ووٹ حذف نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ آرمور اسمبلی حلقہ کے نندی پیٹ منڈل میں واقع سائی بابا فنکشن ہال میں پیر کو ضلع بوتھ لیول ایجنٹس (بی ایل اے) کا اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔اجلاس کے مقام کا معائنہ کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ناگیش ریڈی نے کہا کہ آزادی کے بعد کانگریس حکومتوں نے ووٹر فہرستوں کی نظرثانی ہمیشہ غیرجانبدارانہ انداز میں انجام دی، تاہم بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد جن ریاستوں میں انتخابات ہوتے ہیں وہاں سروے کے نام پر کانگریس کے حامی ووٹروں کے نام حذف کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں لاکھوں ووٹ حذف کیے گئے اور بی جے پی ووٹوں کے ساتھ نشستوں کی بھی ”چوری” کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت اور پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ کی نگرانی میں 25؍ جون سے 25؍ جولائی تک ووٹر فہرستوں کی جامع نظرثانی جاری ہے۔ اس دوران تمام ارکان اسمبلی، انچارجس، بوتھ لیول ایجنٹس اور کانگریس کارکنان کو پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی بھی حامی ووٹر کا نام فہرست سے حذف نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے 1565 پولنگ بوتھس کے بوتھ لیول ایجنٹس کو پہلے ہی حلقہ وار تربیت دی جاچکی ہے اور اب ضلع سطح کا یہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔طاہر بن حمدان ناگیش ریڈی نے کہا کہ سابق حکومت نے ریاست کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا تھا، تاہم موجودہ کانگریس حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے۔ انہوں نے خواتین کے لیے مفت بس سفر، 200 یونٹ تک مفت بجلی، 20 لاکھ سے زائد نئے راشن کارڈس، راشن کی دکانوں پر باریک چاول کی فراہمی، ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندرامّا مکانات، کسانوں کے قرضوں کی معافی، رعیتو بھروسہ اسکیم اور باریک دھان پر فی کوئنٹل 500 روپے بونس جیسی فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی بہبود کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔اس موقع پر آرمور مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین سائی بابا گوڑ، ضلع کانگریس کے نائب صدر رتناکر گوڑ، نندی پیٹ منڈل کانگریس صدر دودا وینکٹیش، ملوگوری گنیش، کرشنا گوڑ اور دیگر کانگریس قائدین و کارکنان موجود تھے۔