ایس آر نگر میں صبح سویرے روڈی شیٹر کے قتل کی واردات

   

کمشنر پولیس سندیپ شنڈیلیہ کا دورہ ۔ انسپکٹر خدمات سے علیحدہ
حیدرآباد 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ ایس آر نگر میں ایک روڈی شیٹر کا قتل کردیا گیا۔ صبح کے اولین اوقات میں داسارم بستی میں پیش آئی اس واردات سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ کمشنر پولیس نے اس واردات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے انسپکٹر کو خدمات سے ہٹادیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ جتلاوت ترون پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا اور وزنی پتھر ڈالکر اس کا قتل کردیا۔ جتلاوت ترون جو باپو نگر علاقہ میں رہتا تھا، بورا بنڈہ علاقہ کا روڈی شیٹر بتایا گیا ہے۔ رات دیر گئے چند نامعلوم افراد نے ترون کو مکان سے طلب کیا اور صبح اطلاع ملی کہ جتلاوت ترون کا قتل کردیا گیا اور نعش کو داسارم بستی میں پھینک دیا گیا۔ اطلاع کے فوری بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ترون کو اس کے رشتہ داروں نے مقامی ہاسپٹل منتقل کیا لیکن وہ فوت ہوگیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ پرانی دشمنی کے سبب ہی ترون کا قتل کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ترون کا گزشتہ چند روز قبل علاقہ کے ایک شخص شریف سے جھگڑا ہوا تھا اور دونوں میں تنازعہ تھا۔ پولیس نے شیخ شریف پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کرکے جتلاوت ترون کا قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ اطلاع کے ساتھ ہی کمشنر پولیس سندیپ شنڈیلیہ نے بورا بنڈہ علاقہ کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ کمشنر پولیس نے انسپکٹر بورا بنڈہ پر سخت برہمی ظاہر کی اور خدمات سے عدم دلچسپی پر انسپکٹر کو خدمات سے ہٹادیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع