حیدرآباد۔10۔اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر آج ایس ایس سی کے ہندی پرچہ کے افشاء معاملہ میں ورنگل ڈپٹی کمشنر پولیس کے روبرو پیش ہوئے ۔ راجندر کے فون میں واٹس ایپ کے ذریعہ امتحانی پرچہ روانہ کیا گیا تھا جس پر ورنگل پولیس نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی سی پی کے روبرو حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ تحقیقاتی افسر کے روبرو پیشی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے بتایا کہ میرے اسمبلی حلقہ کے ایک کارکن نے مسیج روانہ کیا۔ میں نے واٹس ایپ مسیج نہیں دیکھا۔ میں ایک ذمہ دار عوامی نمائندہ ہوں۔ مجھے پرشانت نے کوئی مسیج نہیں کیا اور نہ ہی فون پر بات کی ۔ راجندر اپنے موبائیل فون کے ساتھ تحقیقاتی عہدیدار کے روبرو پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت پرچہ جات کے افشاء کے ذریعہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ راجندر نے کہا کہ ایس ایس سی کے ہندی پرچہ کے افشاء کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ یہ معاملہ افشاء کا نہیں بلکہ نقل نویسی کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر 11 بجے پرچہ باہر آیا جبکہ امتحان صبح 9.30 بجے شروع ہوا۔ 11 بجے کے بعد امتحانی پرچہ کے باہر آنے کو افشاء نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ریاستی صدر بی جے پی بنڈی سنجے کے خلاف بے نیاد مقدمہ درج کیا ہے۔ر