دبئی، یکم جولائی (آئی اے این ایس) بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں ہندوستانی وکٹ کیپر بیٹر ایشان کشن نے اپنے ہم وطن ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے نمبر ون بیٹر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلی مرتبہ اپنے کیریئر میں ٹسٹ کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بن گئے ہیں۔ چہارشبنہ کے روز جاری ہونے والی آئی سی سی درجہ بندی میں ایشان کشن نے اپنے کیریئر کی بہترین ریٹنگ حاصل کرتے ہوئے ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑدیا۔ یہ تبدیلی بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف ہندوستان کی 2-0 سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد سامنے آئی۔ ایشان کشن کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ رواں سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے تقریباً 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے 317 رنز بنائے۔ پاکستان کے خلاف کولمبو میں ان کی میچ جتوانے والی اننگز پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔ تقریباً ایک سال تک ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹر رہنے والے ابھیشیک شرما اب صرف سات ریٹنگ پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ ایشان کشن اب ویراٹ کوہلی اور سوریا کمار یادو کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نمبر ون رینکنگ حاصل کرنے والے صرف چوتھے ہندوستانی مرد بیٹر بن گئے ہیں۔علاوہ ازیں آئرلینڈ کے کپتان لورکن ٹکر نے چار درجے ترقی کرتے ہوئے مشترکہ طور پر 77 ویں پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ راس ایڈیر چھ درجے بہتری کے ساتھ 84 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔آئرلینڈ کیفاسٹ بولر میتھیو ہمفریز نے سیریز میں چار وکٹیں لینے کے بعد ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی بولنگ درجہ بندی میں 25 ویں مقام پر پہنچ کر اپنے کیریئر کی بہترین ریٹنگ حاصل کی۔آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں ہندوستان کے شیوم دوبے تین درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ آئرلینڈ کے گیریتھ ڈیلانی اور ہیری ٹیکٹر بالترتیب 24 ویں اور 38 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔