عام آدمی پارٹی نے دہلی میں پاکستانی ٹیم کا علامتی پتلہ جلایا
نئی دہلی ۔13؍ستمبر ( ایجنسیز) ہندوستانی کرکٹ ٹیم 14 ستمبر کو دبئی میں ایشیا کپ 2025 کے چھٹے میچ میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے والی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی ٹیم پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد پاکستان کے خلاف کرکٹ میچ کھیلے گی۔اس ہائی وولٹیج میچ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہندوستانی شائقین دو گروپوں میں تقسیم ہیں۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ہندوستان کو آئی سی سی اور اے سی سی ٹورنامنٹس میں کھیلنے پر مجبور کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ایشیا کپ میں ہندوستان‘ پاکستان کے خلاف کھیل رہا ہے۔ جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ جب خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے تو کرکٹ اور خون ایک ساتھ کیسے بہہ سکتے ہیں۔اس میچ سے ناراض کئی اپوزیشن لیڈروں نے میچ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ شیوسینا (یو بی ٹی) نے بھی میچ کے دن احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب دہلی میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر سوربھ بھردواج کی قیادت میں AAP کارکنوں نے ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کے خلاف احتجاج میں پاکستانی کرکٹرز کا پتلہ جلایا۔ ہندوستان اور پاکستان 2013 سے دو طرفہ سیریز نہیں کھیل رہے ہیں۔ یہ دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس میں آمنے سامنے ہوتی ہیں لیکن جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سے ہر کوئی خاص طور پر اپوزیشن لیڈر پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کا میچ نہ کھیلنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔