نیویارک : جب سے ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے اس سوشل میڈیا کمپنی کی باگ ڈور سنبھالی ہے ، روز نئے فیصلوں کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں ۔ تاہم اب ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جو ٹوئٹر کے ملازمین کیلئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ خبر ٹوئٹر میں نوکریوں سے متعلق ہے۔ خبر کے مطابق ایلون مسک ٹوئٹر میں تقریباً 3700 افراد کو نکالنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ جس کے سبب اس سوشل میڈیا کمپنی کی افرادی قوت میں تقریباً نصف حصہ کی کمی ہوجائے گی ۔ یہ چونکا دینے والی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایلون مسک 44 بلین ڈالر سے ٹوئٹر کے حصول کے معاہدے کو مکمل کرنے کیلئے رقم کی وصولی کی کوشش کررہے ہیں ۔ بلومبرگ پر شائع ہونے والی خبر کے مطابق ٹوئٹر کے ملازمین کو نکالنے کی یہ خبر باخبر ذرائع سے وصول ہوئی ہے ۔