ایلون مسک کا ٹرمپ پر اثر و رسوخ تشویش کا باعث: مرکل

   

برلن : سابق جرمن چانسلر نے اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب کی اشاعت سے قبل ارب پتیوں کے سیاست میں اثرورسوخ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میرکل نے ٹرمپ کی جیت پر کھل کر اپنے غمزدہ ہونے کا بھی اظہار کیا ہے۔ سابق جرمن چانسلر انجنیلا میرکل نے امریکی نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر ایلون مسک جیسے ٹیک ارب پتیوں کے اثر و رسوخ کو ایک بڑی تشویش قرار دیا ہے۔ اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب کے اجراء سے قبل آج بروز جمعہ کو شائع ہونے والے نیوز میگزین ڈئیر اشپیگل کے ساتھ ایک انٹرویو میں میرکل نے کہا کہ سیاست کا ایک اہم اور حتمی فریضہ عام اور طاقتور شہریوں کے مفادات میں توازن پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ توازن کمپنیوں کے سرمایہ کی طاقت یا تکنیکی صلاحیتوں کے ذریعہ بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے تو یہ ہم سب کے لیے ایک بے مثال چیلنج ہے۔ انہوں نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک کی مثال دی، جنہیں ٹرمپ نے حکومتی کارکردگی کے نئے محکمہ کے شریک سربراہ کے طور پر منتخب کیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا ہے کہ مسک حکومتی حدود سے باہر رہ کر کام کریں گے۔