ایلون مسک کو الیکشن مہم کے دوران 10 لاکھ ڈالر دینے پر انتباہ

   

نیویارک : دنیا کے امیر ترین کاروباری افراد میں شامل ایلون مسک کو انتباہ دیا ہیکہ ان کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران لوگوں کو دس لاکھ ڈالر دینے سے وفاقی قوانین کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔ محکمہ انصاف کے پبلک انٹیگریٹی سیکشن نے ٹیسلا گاڑیوں کی کمپنی کے ارب پتی مالک کی امریکہ”پولیٹیکل ایکشن کمیٹی” یا PAC کو ایک خط لکھا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز نے کہا ہے کہ محکمہ انصاف یا مسک کے سیاسی ایکشن گروپ، سپر PAC نے اس پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے ایلون مسک 5 نومبر کے انتخابات سے پہلے، ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی بھرپور حمایت کررہے ہیں۔
انہوں نے ہفتہ کو ریاست پینسلوینیا میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکی آئین کے حق میں ان کی آن لائین درخواست کی حمایت میں دستخط کرنے والے لوگوں میں سے روزانہ کسی ایک فرد کو الیکشن کے دن تک دس لاکھ ڈالر دیں گے۔اس کے بعد انہوں نے ہفتہ اور اتوار کو ہیرس برگ اور پیٹسبرگ میں دو مختلف لوگوں کو دس لاکھ ڈالر دیئے۔