نیویارک: منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی ارب پتی ایلون مسک نے اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید اروانی سے ملاقات کی۔ یہ بات امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے جمعرات کے روز بتائی۔ اخبار نے دو ایرانی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسک اور اروانی کے درمیان ملاقات “مثبت” رہی۔اخبار کے مطابق ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والی یہ ملاقات پیر کے روز ایک خفیہ مقام پر ہوئی۔ٹرمپ کی ٹیم یا اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی۔تصدیق کی صورت میں یہ ایک پیشگی اشارہ ہو گا کہ ٹرمپ ایران کے ساتھ بات چیت میں سنجیدہ ہیں اور وہ اس سخت گیر روش کو نہیں اپنائیں گے جس کو ان کی ری پبلکن پارٹی کے کئی قدامت پسند ارکان اور اسرائیل ترجیح دیتے ہیں۔یہ ملاقات ایک بار پھر امریکی کمپنی ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک کے خصوصی اثر و رسوخ کا مظہر ہے۔