ایل او سی کے پاس صورتحال بگڑنے کا اندیشہ ، فوجی سربراہ کا بیان

   

نئی دہلی ۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے پاس صورتحال کسی بھی وقت بگڑ سکتی ہے اور آرمی کوئی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کے ریمارکس کا پس منظر اگست میں آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد سے ایل او سی کے پاس پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کسی بھی حالت سے نمٹنے تیار ہے۔ جنرل راوت نے 31 ڈسمبر 2016ء کو آرمی چیف کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد وادی میں سرحد پار کی دہشت گردی سے نمٹنے میں بڑا اہم رول ادا کیا ہے۔ وہ 31 ڈسمبر کو سبکدوش ہونے والے ہیں لیکن امکان ہیکہ انہیں ہندوستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا جائے گا۔ سیکوریٹی فورسیس کے مطابق فوج وادی میں محتاط انداز میں کام کررہی ہے۔