ایمسٹ امیدواروں کیلئے آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی

   

حیدرآباد: ایمسٹ امتحان میں حصہ لینے والے امیدواروں کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اپنی صحت کے بارے میں حکام کو واقف کرائیں۔ ایمسٹ امتحان 6 تا 9 جولائی مقرر ہے اور حکام نے کورونا کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر امیدواروں کیلئے صحت کے بارے میں اطلاع کو لازمی قرار دیا ہے۔ ایسے امیدوار جن کے پاس اسمارٹ فون کی سہولت نہیں ہے، انہیں سیلف ڈکلیریشن پر سائن کرنا ہوگا جس میں اس بات کا ا ظہار کیا جائے کہ وہ کووڈ۔19 پازیٹیو نہیں ہیں۔ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنس کے مطابق امیدواروں کو امتحانی مرکز پر داخلہ کے وقت سیکوریٹی گارڈ کو آروگیہ سیتو ایپ ڈیش بورڈ بتانا ہوگا ۔ یہ ہر امیدوار کے لئے لازمی رہے گا۔ اسمارٹ فون نہ رکھنے والے امیدواروں کو سیلف ڈکلیریشن دینا ہوگا اور یہ امتحانی مرکز کے داخلہ پر سیکوریٹی گارڈ کو بتانا ہوگا۔ عہدیداروں کے مطابق بخار یا کورونا کی علامات والے امیدواروں کی صورت میں خصوصی آئسولیشن سنٹر کے قیام پر غور کیا جارہا ہے ۔ امیدواروں کو ان سنٹرس میں امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ کونسل فار ہائر ایجوکیشن نے ایمسٹ کے التواء کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر امتحان کے بعد امتحانی مراکز کو سینیٹائز کیا جائے گا ۔