ایمسیٹ سمیت دیگر تمام انٹرنس امتحانات ملتوی

,

   

کورونا کے پیش نظر فیصلہ ، ہائیکورٹ میں حکومت کا بیان ، ڈگری طلبہ کو امتحان کے بجائے گریڈنگ کی سفارش

حیدرآباد۔ حکومت نے کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے کل سے شروع ہونے والے انٹرنس امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آج تلنگانہ ہائیکورٹ کو یہ اطلاع دی گئی۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق کل سے شروع ہونے والے تمام انٹرنس امتحانات ملتوی رہیں گے جن میں ایمسیٹ، پولی سیٹ، آئی سیٹ، ای۔سیٹ، پی جی ای سیٹ، لا سیٹ، پی جی ایل سیٹ اور ایڈ سیٹ امتحانات شامل ہیں۔ انٹرنس امتحانات ملتوی کرنے کیلئے کانگریس کی طلباء تنظیم این ایس یو آئی کے صدر وینکٹ نے مفادِ عامہ کے تحت درخواست دائر کی تھی۔ درخواست کی آج ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے حکومت سے سوال کیا کہ مجوزہ لاک ڈاؤن کے پس منظر میں انٹرنس امتحانات کے انعقاد پر موقف کی وضاحت کی جائے۔ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد انٹرنس امتحانات کس طرح منعقد کئے جائیں گے؟ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ انٹرنس امتحانات کے مسئلہ پر وہ چیف سیکریٹری سے مشاورت کے بعد عدالت کو بتائیں گے جس پر عدالت کی کارروائی دوپہر 2:30 بجے تک ملتوی کردی گئی۔ جب کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو عدالت کو اطلاع دی گئی کہ حکومت نے انٹرنس امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امتحانات کی آئندہ تواریخ کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ 4، 11 اور 12 جولائی کو منعقد ہونے والے ٹائپ رائٹنگ امتحانات بھی ملتوی کئے گئے ہیں۔ انجینئرنگ فائنل سیمسٹر امتحانات کے عدم انعقاد پر جے این ٹی یو غور کررہی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ فرسٹ اور سیکنڈ سیمسٹر کے نشانات کی بنیاد پر امیدواروں کو گریڈنگ کے سلسلے میں سفارش کی گئی ہے۔ اس ضمن میں قطعی فیصلہ تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کرے گی۔ ہائیکورٹ نے یو جی اور پی جی امتحانات کے بارے میں 9 جولائی کو موقف کی وضاحت کرنے کی حکومت کو ہدایت دی اور آئندہ سماعت 9 جولائی کو مقرر کی گئی۔ اسی دوران این ایس یو آئی کے صدر وینکٹ نے بتایا کہ بی ٹیک اور ڈگری کورسیس کے فرسٹ اور سیکنڈ ایر کے طلباء کو امتحانات کے بغیر پروموٹ کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے جبکہ فائنل ایر کے بارے میں حکومت 9 جولائی کو موقف کی وضاحت کرے گی۔ انہوں نے طلبہ کے حق میں فیصلہ دینے پر عدالت سے اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ ایمسیٹ امتحانات 6 تا 9 جولائی مقرر تھے جبکہ پوسٹ گریجویٹ انجینئرنگ کامن انٹرنس ٹسٹ یکم تا 3 جولائی اور انجینئرنگ کامن انٹرنس ٹسٹ 4 جولائی کو مقرر تھا۔ لا سیٹ اور پی جی لا سیٹ 10 جولائی کو مقرر تھا۔ آئی سیٹ اور ایڈ سیٹ امتحانات علی الترتیب 13 اور 15 جولائی کو مقرر تھے۔