ایمس میں بدترین آتشزدگی ‘ وائرولوجی یونٹ خاکستر

,

   

ٹیچنگ بلاک میں مہیب آگ بھڑک اٹھی ۔ ایمرجنسی سرویس متاثر ہوئی ۔34 فائر انجنوں کو طلب کیا گیا

نئی دہلی ، 17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (ایمس) میں آج ٹیچنگ بلاک میں مہیب آگ بھڑک اٹھی، جس نے سامپلس اور میڈیکل رپورٹس تباہ کردیئے اور بعض مریضوں کے تخلیہ پر مجبور کیا، حالانکہ کوئی بھی فرد زخمی نہیں ہوا ہے، عہدیداروں نے یہاں یہ بات بتائی۔ آتشزدگی شام میں تقریباً 5 بجے مائیکروبائیولوجی ڈپارٹمنٹ سے شروع ہوئی اور عمارت سے دھویں کے کثیف بادل اٹھنے لگے، جس پر مریضوں، ان کے لواحقین اور اسٹاف میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوئی اور ایمرجنسی سرویس بھی متاثر ہوئی۔ ذرائع نے کہا کہ کم از کم 34 فائر انجنوں کو طلب کرنا پڑا کیونکہ آگ پانچ منزلوں تک پھیل چکی تھی۔ آتش فرو عملے کو آگ پوری طرح بجھانے میں بڑی دقت اور جدوجہد سے گزرنا پڑا اور تادم تحریر پانچ گھنٹوں تک بھی اسے بجھایا نہ جاسکا تھا۔ (تصویر صفحہ 3 پر) ۔ دہلی فائر سرویسیس کے ڈائریکٹر ویپن کینتل نے کہا کہ تقریباً 35 مریضوں کا تخلیہ کرنا پڑا کیونکہ دھواں گیسٹرو انٹرولوجی ونگ تک پھیل گیا تھا، جو ایک راہداری کے ذریعے متاثرہ سیکشنوں سے جڑا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جن مریضوں کو منتقل کرنا پڑا، ان میں بعض لائف سپورٹ سسٹم پر ہیں۔ مائیکروبائیولوجی ڈپارٹمنٹ کا کوچنگ بلاک کے سکنڈ فلور پر واقع وائرولوجی یونٹ مکمل طور پر خاکستر ہوچکا ہے۔ آگ بلڈنگ کی دوسری منزل سے ہی شروع ہوئی۔ سابق وزیر فینانس ارون جیٹلی کارڈیو۔نیورو سنٹر کے آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں۔ یہ سنٹر ایمس دہلی کامپلکس کی مختلف عمارت میں واقع ہے۔ اُن کی عیادت کیلئے کئی وی آئی پیز ایمس پہنچ رہے ہیں۔