ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی

   

محبوب نگر میں رکن اسمبلی سرینواس ریڈی کی پیش قیاسی
محبوب نگر ۔12 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) لوکل باڈیز کے ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس کے امیدوار منے جیون ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ مقامی ایم ایل اے منیم سرینواس ریڈی نے یہ پیش قیاسی کی ۔ منے جیون ریڈی نے ریاستی وزیر آبکاری جوپلی کرشنا راؤ ، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے خصوصی مدعو ومشی چندر ریڈی ، ایم ایل اے سرینواس ریڈی ، چنا ریڈی اور ملو روی کے ہمراہ پیر کے دن ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر روی نائیک کو اپنا پرچہ نامزدگی حوالے کیا ۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس جیسے ہی بی آر ایس میں تبدیل ہوگئی تب سے ہی تلنگانہ سے اس کا تعلق کمزور پڑگیا ۔ اب بی آر ایس قائدین بڑی تعداد میں کانگریس میں شامل ہوکر اطمینان کا اظہار کررہے ہیں ۔ بی آر ایس کی حالت اب یہ ہوگئی ہے کہ ٹکٹ کیلئے کوئی قابل امیدوار دستیاب نہیں ہے ۔ تعجب تو یہ ہے کہ موجودہ ممبران پارلیمان تک مقابلہ کیلئے راضی نہیں ہورہے ہیں۔ کئی ایم ایل ایز کی نظریں کانگریس پر ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں لوکل باڈیز کے نمائندوں کے ساتھ نانصافی ہوئی تھی اور اُنھیں نقصانات اُٹھانا پڑا ۔ آج یہی وجہ ہے کہ عوام اور تنظیموں کے ذمہ داران اور نمائندے کانگریس کو اقتدار دینا چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر مقامی کانگریس قائدین اور کارکنان موجود تھے ۔