ایم ایل سی نشستوں کی انتخابی حکمت عملی طئے کرنے کانگریس متحرک

   


مانکیم ٹیگور کی آمد، اضلاع کے قائدین سے دو روزہ مشاورت کا آغاز
حیدرآباد: تلنگانہ میں گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں اور ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی حکمت عملی کو قطعیت دینے کیلئے جنرل سکریٹری انچارج مانکیم ٹیگور ایم پی نے حیدرآباد میں پارٹی قائدین کے ساتھ دو روزہ مشاورت کا عمل شروع کیا ہے۔ مانکیم ٹیگور حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر کے علاوہ ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ کے اہم قائدین سے گاندھی بھون میں ملاقات کرتے ہوئے ایم ایل سی انتخابات میں امکانی امیدواروں کا جائزہ لیں گے ۔ مانکیم ٹیگور نے آج حیدرآباد ، ورنگل اور نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے قائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو ، سرینواسن کرشنن ، ومشی چند ریڈی ، چنا ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی ایم پی ، کسم کمار ، رکن کونسل جیون ریڈی ، انجن کمار یادو ، ملو روی ، ششی دھر ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اجلاس میں اس حلقہ کیلئے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا ۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ امیدوار جو بھی ہو تمام قائدین کو متحدہ طورپر کام کرنا چاہئے۔ اس حلقہ کی امیدواری کے اہم دعویداروں میں چنا ریڈی ، ومشی چند ریڈی اور سمپت کمار شامل ہیں۔ مانکیم ٹیگور جمعہ کے دن ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کی انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیں گے ۔ دوپہر کے بعد ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ کے قائدین سے ایم ایل سی نشست کے انتخابات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مانکیم ٹیگور ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے مجوزہ انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کیلئے قائدین سے مشاورت کریں گے۔ مانکیم ٹیگور کے دو روزہ دورہ کے موقع پر وہ بعض سینئر قائدین سے انفرادی طور پر ملاقات کرسکتے ہیں۔ حالیہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں پارٹی کی شکست کی وجوہات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس طلب کرنے کی بعض قائدین نے مانگ کی ہے۔