ایم بی بی ایس کونسلنگ کادوسرا مرحلہ ختم ، کنوینر کوٹہ میں 5653 نشستیں مختص

   

ہیلت یونیورسٹی نے فہرست جاری کردی، نیشنل کوٹہ میں مخلوعہ رہ جانے والی نشستیں ریاست کو مختص کی جائیں گی

حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) اچھا نیٹ رینک حاصل کرنے والے طلبہ کو ریاست میں کنوینر کوٹہ میں نشستیں حاصل ہوئی ہیں ۔ سرکاری و خانگی میڈیکل کالجس میں دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ میں زیادہ رینکس حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی داخلہ ملا ہے ۔ کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ میں کنوینر کوٹہ میں نشستیں حاصل ہونے والے طلبہ کی فہرست جاری کی ہے ۔ بی سی (اے) زمرہ میں 3.35 لاکھ رینک حاصل کرنے والے طالب علم کو خانگی میڈیکل کالج میں نشست حاصل ہوئی ۔ ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے رینک حاصل کرنے والے امیدوار کو داخلہ ملا ہے ۔ ایس سی زمرہ میں 3.11 لاکھ رینک حاصل کرنے‘ ایس ٹی میں 2.89 لاکھ رینکر کو کنوینر کوٹہ میں داخلہ ملا ہے ۔ بی سی (بی) میں 2.27 لاکھ بی سی (سی) میں 3.14 لاکھ ، بی سی (ڈی) میں 2.13 لاکھ اور بی سی (ای) میں 2.24 لاکھ، اوپن زمرہ میں 1.95 لاکھ ، ای ڈبلیو ایس میں 1.74 لاکھ رینکس حاصل کرنے والے طلبہ کو داخلہ ملا ہے ۔ کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے تلنگانہ کے 60 سرکاری و خانگی میڈیکل کالجس میں 5653 کنوینر نشستیں دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ کے لئے طلبہ کو مختص کیں اور نشستوں کی فہرست جاری کی ہے ۔ پہلے مرحلہ میں 4282 نشستوں کو مختص کیا گیا تھا ۔ اس مرتبہ ریاست میں 8 نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجس کو منظوری دی گئی ہے جس سے ریاست میں 400 ایم بی بی ایس نشستوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے بڑے رینک حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی داخلہ ملا ہے۔ سرکاری کالجس میں 15 فیصد نشستیں نیشنل کوٹہ کے تحت مختص ہیں۔ خانگی کالجس میں 50 فیصد نشستیں کنوینر کوٹہ میں بھرتی کی جاتی ہیں۔ نیشنل کوٹہ میں دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ کے بعد اگر کوئی نشستیں باقی رہ جاتی ہیں تو انہیں ریاست کو مختص کردیا جاتا ہے ۔ دوسرے مرحلہ میں نشستیں حاصل کرنے والے طلبہ کو کالجس میں داخلہ لینے کیلئے 6 دن کی مہلت فراہم کی گئی ہے ۔ پہلے مرحلہ کی کونسلنگ کے مقابلہ میں دوسرے مرحلہ میں بڑے رینکس حاصل کرنے والے طلبہ کو نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ زیادہ تر امیدواروں نے ایمس میں داخلہ لیا ہے جس کی وجہ سے یہ ممکن ہو پایا ہے ۔ عثمانیہ میڈیکل کالج میں پہلے مرحلہ میں اوپن زمرہ میں 3602 رینکر کو نشست حاصل ہوئی ۔ دوسرے مرحلہ میں 20,797 رینکر کو نشست حاصل ہوئی۔ اسی کالج میں ای ڈبلیو ایس کے تحت پہلے مرحلہ میں 22,628 رینک کو نشست حاصل ہوئی۔ دوسرے مرحلہ میں 41,775 رینکر کو نشست حاصل ہوئی۔ ایس سی زمرہ میں عثمانیہ میڈیکل کالج میں 37,750 رینکر کو دوسرے مرحلہ میں 1.09 لاکھ رینکر کو نشست حاصل ہوئی ۔ ایس ٹی طبقہ کو اسی کالج میں پہلے مرحلہ میں 31,994 رینکر کو نشست حاصل ہوئی جبکہ دوسرے مرحلہ میں 1.15 لاکھ رینک کو نشست حاصل ہوئی ۔ 2