ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ پر کانگریس کا ہنگامہ

   

نئی دہلی: کانگریس نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کے خلاف جمعرات کو پارلیمنٹ کے باہر ہنگامہ آرائی کی اور حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل ہی وجئے چوک میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ اسے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے فوری طور پرسخت قدم اٹھانے چاہئے ۔ سابق صدر کانگریس نے بعد میں وجئے چوک پر دھرنا دیا اور مظاہرہ کیا، جس میں راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ملکارجن کھڑگے ، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے ساتھ ہی پارٹی کے کئی اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ مظاہرین کئی ایل پی جی سلنڈر لے کر احتجاجی مقام پر پہنچے تھے اور اس دوران راہول گاندھی نے احتجاج کرتے ہوئے ایل پی جی سلنڈر کو ہار پہنایا۔ خواتین کانگریس کے اراکین نے پارلیمنٹ کے باہر پارلیمنٹ اسٹریٹ پر زبردست مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے وہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ خواتین مظاہرین کے ہاتھوں میں کانگریس کے جھنڈے ، گیس سلنڈر کے پوسٹر اور حکومت مخالف نعرے لکھے ہوئے پوسٹروں کے ساتھ مظاہرہ کر رہی تھیں۔