گال : انگلش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن نے ہندوستان آمد سے قبل ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے خود کے شاندار فارم میں ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ اینڈرسن سری لنکا کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن پانچویں وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اینڈرسن ایشیائی وکٹوں اور گال میں دوسری مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ 38 برس اور 177 دن کی عمر میں ایشیاء کی وکٹوں پر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے اینڈرسن معمر ترین بولر بن گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ 157 مقابلوں میں 606 وکٹوں کے ساتھ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں چوتھے مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ انگلش فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن نے سری لنکا کے خلاف رواں ٹسٹ میں اپنے کیرئیر میں 30 ویں مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے اور اس کے ذریعہ انھوں نے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلین مائیک گرا کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ اینڈرسن نے نیروشن ڈک ولا (92) ، سورنگا لکمل (0) ، انجیلو ماتھیوز (110)، کوسل پریرا (6) اور لہیرو تھیریمنے (43) کو آؤٹ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں چھٹا مقام بھی حاصل کرلیا ہے۔ سری لنکا کے لیجنڈ اسپنر مرلی دھرن 133 مقابلوں میں 67 ویں مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ دوسری نمبر پر آسٹریلیا کے لیگ اسپنر شین وارن 37، نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر رچرڈ ہیڈلی 36، ہندوستانی سابق کپتان انیل کمبلے 35 اور سری لنکا کے سابق اسپنر رنگنا ہیرات 34 مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اینڈرسن کی ایشیائی وکٹوں پر یہ دوسری مرتبہ پانچ وکٹیں ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے یہیں سری لنکا کے خلاف 26 مارچ 2012 ء کو پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن اِس مقابلہ میں انگلینڈ کو 75 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ 38 برس 177 ویں دن یہ کارنامہ انجام دینے والے اینڈرسن دوسرے بولر ہیں جبکہ ایشیاء میں معمر بولر کا اعزاز سری لنکا کے سابق اسپنر رنگنا ہیراتھ کے نام ہے جنھوں نے 2018 ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو میں جس وقت پانچ وکٹیں لی تھیں اُس وقت اُن کی عمر 40 برس 123 دن تھی۔ اینڈرسن وہ واحد فاسٹ بولر ہیں جنھوں نے 600 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہوں۔ اینڈرسن 156 ٹسٹ مقابلوں میں 606 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور انھیں کمبلے سے آگے بڑھنے کے لئے 14 مزید وکٹوں کی ضرورت ہے اور امکان ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز میں یہ کارنامہ انجام دیں گے۔