ممبئی، 28 اکتوبر (یو این آئی) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے چہارشنبہ کے روز اپنی تنظیمی قیادت میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے امیش پاٹل کو پارٹی کا قومی چیف ترجمان اور رکن قانون ساز کونسل ذیشان صدیقی کو ممبئی یونٹ کا صدر مقرر کیا ہے ۔ان تقرریوں کا اعلان این سی پی کی قومی صدر اور مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا اجیت پوار نے کیا۔امیش پاٹل اس سے قبل شولاپورضلع میں پارٹی کے صدر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے ۔ اب انہیں قومی سطح پر پارٹی کی نمائندگی اور اس کا موقف پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، جبکہ ذیشان صدیقی ممبئی میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کی قیادت کریں گے ۔ذیشان صدیقی پارٹی کی تاریخ میں ممبئی یونٹ کے سب سے کم عمر صدر بن گئے ہیں۔ وہ مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے موجودہ رکن ہیں اور انہوں نے مئی 2026 میں رکن کونسل کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ اپنے والد اور سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی کے انتقال کے بعد، ذیشان صدیقی نے 2024 کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے قبل این سی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔دونوں رہنماؤں کو تقرری کے باضابطہ خطوط نائب وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ دیوگیری میں سپرد کیے گئے ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ پارتھ اجیت پوار کے علاوہ پارٹی کے دیگر رہنما اور عہدیداران بھی موجود تھے ۔سنیترا پوار نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور عہد بستگی کے ساتھ انجام دیں گے اور پارٹی کی تنظیم کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔
انہوں نے آنجہانی اجیت پوار کے نظریات، وژن اور عوامی خدمت کی روایت کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔