این ٹی آر کو بعد از مرگ بھارت رتن دیا جائے : چرنجیوی

   

حیدرآباد۔ تلگوفلموں کے میگا اسٹار چرنجیوی نے آج مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اداکار سے سیاستدان بنے آنجہانی این ٹی راما راو کو ملک کا اعلی ترین سیولین اعزاز بھارت رتن دیا جائے ۔ این ٹی راما راو غیر منقسم آندھرا پردیش کے چیف منسٹر تھے ۔ چرنجیوی نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ این ٹی راما راو نے دنیا بھر میں تلگو عوام کی عزت و وقار میں اضافہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر نے سماج کے پسماندہ اور پچھڑے ہوئے طبقات کی بہتری اور ترقی کیلئے بے تکان جدوجہد کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر این ٹی راما راو کو بعد از مرگ بھارت رتن سے سرفراز کیا جاتا ہے تو یہ دونوں تلگو ریاستوں کے عوام کیلئے فخر کی بات ہوگی ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ بھوپین ہزاریکا کو بھی بعد از مرت یہ اعزاز دیا گیا تھا ۔ چرنجیوی نے کہا کہ این ٹی آر کو ان کی 100 ویں یوم پیدائش کے موقع پر یہ اعزاز دیا جاسکتا ہے جو دو سال بعد ہے ۔