این ڈی اے کو ‘ ٹی آر ایس کی تائید کی ضرورت نہیں پڑیگی : کے لکشمن

   

حیدرآباد 16 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے کو مرکز میں اپنے طور پر اقتدار حاصل ہوجائیگا اور اسے ٹی آر ایس کی تائید کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے کو اپنے طور پر اقتدار حاصل ہوجائیگا ۔ این ڈی اے کو ٹی آر ایس جیسی جماعتوں کی تائید کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ ہمیں یقین ہے کہ این ڈی اے کو اپنے طور پر حکومت بنانے کیلئے زائد از 300 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ کے سی آر ریاست میں 16 حلقوں سے ٹی آر ایس کی کامیابی کے خواہاں ہیں ۔ ڈاکٹر لکشمن نے چیف منسٹر کے سی آر پر سرکاری ملازمین سے ان کے حق میں ووٹ نہ دینے پر انتقامی جذبہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔