ایودھیا کے دورہ کا صحیح وقت نہیں وی ایچ پی کا بیان

   

ایودھیا21مارچ(سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن سے فکرمند وشوہندو پریشد(وی ایچ پی)نے عقیدت مندوں خصوصاً جنوبی ہندوستانیوں سے کچھ دنوں کے لئے اجودھیا کا مجوزہ دورہ ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے ۔وی ایچ پی کے ترجمان شرد شرما نے ہفتے کو حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی ہندوستان سے اجودھیا آنے والے عقیدت مندوں پر پابندی لگائے اور لوگوں سے اپیل کرے کہ وہ اجودھیا کا دورہ کرنے سے بچیں۔ شرما نے وی ایچ پی ہیڈکوارٹر کارسیوک پورم میں یواین آئی سے بات چیت میں کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اجودھیا میں جنوبی ہندوستان سے آنے و الے عقیدت مندوں پر پابندی لگائے جانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایودھیا کے سنت دھرماچاریے اور وزیراعظم، وزیراعلی نے بھی بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں نہ جانے اور کورونا وائرس سے بچنے کے لئے واضح طورپر ہدایت دی ہے ۔