حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ایپسیٹ 2026 میں اقلیتی اقامتی اداروں کے طلبہ نے غیرمعمولی مظاہرہ کیا اور اگریکلچر و فارمیسی اسٹریم میں ریاست کا پہلا رینک اقامتی اسکول کے طالب علم مکرم احمد کو حاصل ہوا ہے۔ سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے ایپسیٹ 2026 میں سوسائٹی کے طلبہ کے بہتر مظاہرہ پر مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ سوسائٹی کے اداروں سے وابستہ 2273 طلبہ نے ایپسیٹ 2026 میں حصہ لیا اور 1715 کوالیفائی قرار پائے ہیں۔ کامیاب امیدواروں کا فیصد 75.4 درج کیا گیا۔ کوالیفائیڈ طلبہ میں 727 نے انجینئرنگ اور 988 نے اگریکلچر اینڈ فارمیسی میں کامیابی حاصل کی۔ انجینئرنگ اسٹریم میں 319 لڑکے اور 408 لڑکیاں کوالیفائی ہوئی ہیں۔ اگریکلچر اینڈ فارمیسی اسٹریم میں 318 بوائز اور 670 گرلز کوالیفائی قرار پائیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ اگریکلچر اینڈ فارمیسی میں ریاست کے فرسٹ رینک ہولڈر مکرم احمد کا تعلق اقامتی اسکول سوسائٹی کے ادارہ سے ہے۔ وجیدہ تبسم کو 488 جبکہ محمد شہباز کو 614 رینک حاصل ہوا۔ انجینئرنگ اسٹریم میں محمد زیدان کو 3199، کے سورج 5037 اور محمد عفان احمد کو 5422 رینک حاصل ہوا۔ اقامتی اسکولوں میں مؤثر تعلیم کے انتظام پر طلبہ اور سرپرستوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور ٹمریز کے صدر محمد فہیم الدین قریشی نے طلبہ، ٹیچرس اور والدین کو مبارکباد پیش کی۔V/1