ایڈم زمپا بال ٹمپرنگ کی زد میں

   

لندن۔10 جون (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ میں رواں ورلڈکپ کے دوران آسٹریلیائی اسپنر ایڈم زمپا کی ایک مشتبہ ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس کے بعد ان پر بھی بال ٹمپرنگ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں زمپا اپنی جیب سے کچھ نکال کر گیند پر ملتے ہوئے دیکھے گئے جس سے سینڈ پیپرگیٹ اسکینڈل کی یاد تازہ ہوگئی۔2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹسٹ میں کیمرون بین کرافٹ کو جیب سے کچھ نکال کر گیند پر ملتے ہوئے دکھایا گیا تھا جس کے بعد بال ٹمپرنگ کا تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔ اس وقت کے آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ نے بال ٹیمپرنگ کے الزام کو تسلیم کیا تھا جس کے بعد آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ نے اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر پرفی کس ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی جبکہ بین کرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی لگائی گئی تھی۔ہندوستان کے خلاف مقابلے سے قبل آسٹریلیا کے ورلڈکپ کے ابتدائی دو میچوں میں 4 وکٹیں لینے والے ایڈم زمپا شروع سے ہی غیر موثر رہے اور میچ میں انہوں نے 6 اوورز میں 50 رنز دیے اور وکٹ نہ لے سکے۔ زمپا کی اس حرکت کے خلاف کوئی کارروائی کی جاتی ہے یا نہیں ؟