ایڈورپا کا آڈیو کلپ حقیقی ۔ چیف منسٹر کمارا سوامی

   

کلپ فرضی ثابت ہونے پر سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان
بنگلورو 9 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کہا کہ اگر یہ ثابت ہوجائے کہ انہوں نے بی جے پی لیڈر ایڈورپا کا جو آڈیو کلپ جاری کیا ہے وہ فرضی ہے تو وہ سیاست سے سبکدوش ہوجائیں گے ۔ کمارا سوامی نے ایڈورپا کا ایک آڈیو کلپ جاری کرتے ہوئے ادعا کیا تھا کہ وہ ان کی حکومت کو بیدخل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی جے پی نے اس کلپ کو نقلی اور فرضی قرار دیا تھا ۔ کمارا سوامی نے کہا کہ وہ اس مقام سے یہ واضح کر رہے ہیں کہ اگر یہ آڈیو کلپ فرضی ثابت کردیا جائے تو وہ سیاست سے سبکدوش ہوجائیں گے ۔۰ چیف منسٹر نے ایک مذہبی مقام پر تقریر کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ مذہبی دیوتاوں کے ساتھ بھی کھیل کھیلتے ہیں انہیں ان کی برہمی کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈورپا کو چیف منسٹر بننے کے ایک مہینے کے اندر مستعفی ہونا پڑا تھا ۔ اب بھی وہ لارڈ منجو ناتھ کا نام لیتے ہوئے خود کو بچا نہیں پائیں گے ۔