ایڈوکیٹ خواجہ معز الدین قتل کیس ‘ تمام ملزمین کی ضمانت منظور

   

عدالت نے کچھ شرائط عائد کئے ۔ ضمانتیں جمع کروانے کے بعد مجاہد عالم خان کی رہائی

حیدرآباد 3 ستمبر (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے آج ایڈوکیٹ خواجہ معزالدین قتل کیس میں گرفتار ملزمین مجاہد عالم خان اور دیگر کی ضمانت منظور کرلی۔ جج نے ملزمین کو 50 ہزار روپئے کے دو ضمانتیں جمع کرنے پر رہائی کا حکم دیا اور ان کیلئے بعض شرائط بھی عائد کئے ہیں ۔ عدالت نے ملزمین کو پاسپورٹس عدالت میں جمع کرانے اور اجازت کے بغیر ملک نہ چھوڑنے کا حکم دیا۔ 23 مئی 2026ء کو نامپلی میں ہائیکورٹ وکیل خواجہ معزالدین کا بعض افراد نے گاڑی سے ٹکر دیکر قتل کردیا تھا جس کے بعد پولیس نامپلی نے 29 مئی کو اس کیس میں مجاہد عالم خان ان کے والد محبوب عالم خان اور دیگر ملزمین کو گرفتار کرکے چنچلگوڑہ جیل بھیج دیا تھا جبکہ 21 اگست کو عدالت نے محبوب عالم خان کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی ۔ حالیہ دنوں پولیس نے اس کیس میں تمام ملزمین کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی تھی۔ پولیس نے چارج شیٹ میں دعویٰ کیا ہیکہ ملزمین اور مقتول ایڈوکیٹ خواجہ معزالدین کے درمیان وقف جائیدادوں پر تنازعہ چل رہا تھا جس کے نتیجہ میں یہ قتل کیا گیا۔ شہر کے مشہور کریمنل وکیل محمد مظفراللہ خان شفاعت نے کامیاب پیروی کی جس کے نتیجہ میں ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے آج مجاہد عالم خان اور دیگر ملزمین کشن سنگھ، ابھیجیت عرف نانی، ڈی ونئے، وکرم آدتیہ عرف چنٹو، منی دیپ عرف پوگونانی کی ضمانت منظور کی اور انہیں 50 ہزار روپئے کی دو ضمانتیں عدالت میں جمع کرنے پر رہائی کا حکم دیا ہے۔ واضح رہیکہ اس کیس کے دیگر دو ملزمین حسن علی عرف چاوش اور منیب ہنوز مفرور ہیں اور عدالت نے ان کی گرفتاری کیلئے غیرضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے بH/