ایڈیٹر بھارت نیوز سروس جناب اعجاز قریشی کا انتقال

   

حیدرآباد 20اپریل ( پریس نوٹ) ممتاز اردو صحافی‘ شاعر و نقاد جناب اعجاز قریشی ولد جناب محمد مظہر الدین قریشی ایڈیٹر بھارت نیوز سروس و سابق ڈائرکٹر سکریٹری اے پی اردو اکیڈیمی کا طویل علالت کے بعد آج صبح انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 85سال تھی۔ نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ واقع مراد نگر میں ادا کی گئی اور تدفین قبرستان جمالی کنٹہ سات گنبدان میں عمل میں آئی۔ پسماندگان میں چار فرزندان جناب احسن قریشی سینیئر جرنلسٹ و ایکسپرٹ الکٹرانک میڈیا( امریکہ ) ارشد قریشی اسپورٹس جرنلسٹ‘ حافظ محمد اسعد قریشی ( سعودی عربیہ) اور راشد قریشی کے علاوہ چاردختران شامل ہیں۔ وہ پیدائشی صحافی تھے اور ابتدائے عمر میں ہی انہوںنے نظام آباد میں اردو روزنامہ زندگی کے ایڈیٹر و پبلشر کی حیثیت سے صحافتی زندگی کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ حیدرآباد منتقل ہوئے ۔ حیدرآباد منتقلی کے بعد وہ اس وقت کے ممتاز ااردو اخبارات سے وابستہ رہے ۔ انہوں نے خبروں کی ترسیل کیلئے 1954میں بھارت نیوز کی بنیاد رکھی اور جلدہی اس نے اردو صحافت کااعتبار حاصل کرلیا ۔ جناب اعجاز قریشی مرنجان مرنج طبیعت کے مالک ہمہ پہلو شخصیت تھے اور اپنی ذات میں ایک انجمن تھے ۔ جہاں وہ ایک اچھے صحافی تھے وہیں ادب و فلم کے نقاد ‘ شاعر و بہترین مقرر بھی تھے۔ وہ اے پی اسپورٹس جرنلسٹس کے بانی صدر اور حیدرآباد فلم اسٹڈی سرکل کے بانی صدر اور پریس گلڈ آف حیدرآبادکے بانیوںمیں شامل تھے۔ تین سال تک اردو اکیڈیمی کے ڈائرکٹر سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں ان کو کئی ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا گیا جن میں تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کا باوقار مخدوم ایوارڈ برائے صحافت‘ اے پی اردو اکیڈیمی کا کارنامہ حیات ایوارڈ‘ اے پی کانگریس کمیٹی کا سدبھاونا ایوارڈ اور اے پی ویٹرن جرنلسٹس اسوسی ایشن کا اعزاز شامل ہیں۔ انہوں نے بشمول امریکہ ‘ سعودی عربیہ و آسٹریلیا کئی ممالک کا دورہ کیا۔ فریضہ حج کی سعادت کے بعد وہ سرگرم صحافت سے سبکدوش ہوگئے تھے‘ لیکن تین سال قبل علیل ہونے سے قبل تک لکھنے پڑھنے کاسلسلہ جاری تھا۔ مزید تفصیلات 9393 578 518 /98499 71175.پر حاصل کی جاسکتی ہیں ۔