ایک دہے کی خاموشی کے بعد سکندرآباد کلاک ٹاور میں پھر ٹک ٹک شروع

   


حیدرآباد : سکندرآباد میں وائی ایم سی اے کے قریب نظام دور کی 123 سالہ قدم اینٹک کلاس (قدیم گھڑی) جو سکندرآباد کلاک ٹاور کے نام سے مشہور ہے، تقریباً ایک دہے کے بعد جمعہ کو پھر ٹک ٹک کرنا شروع کردی۔ موٹر گاڑی والوں نے اس گھڑی کی گھنٹی بجنے کی آواز کو بڑی شوق اور تجسس کے ساتھ سنا اور اسے برطانیہ کے ’بگ بین‘ سے تشبیہ دی۔ کئی لوگوں نے بڑی دلچسپی کے ساتھ اس گھڑی کی گھنٹی بجنے کی آواز کو ان کے فون میں ریکارڈ کیا۔ سکندرآباد (نارتھ زون) میں جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے اس کلاک کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں پہل کی ہے۔ سکندرآباد جی ایچ ایم سی۔ نارتھ زون کے زونل کمشنر بی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ’’ہم نے اس کلاک کی مرمت کیلئے 10 لاکھ روپئے خرچ کئے ہیں جو ایک دہے سے ناکارہ تھی نیز پتھر میں بنائے گئے 120 فیٹ اونچے اس ٹاور کو خوبصورت بنانے کیلئے مزید 18 لاکھ اور خرچ کئے گئے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے سکندرآباد کلاک ٹاور کی مرمت کوویڈ۔19 سے قبل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اس میں تاخیر ہوئی۔ دراصل ہم سکندرآباد زون میں رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن اور مونڈا مارکٹ پر دیگر دو اینٹک کلاس (قدیم گھڑیوں) کی مرمت کا بھی منصوبہ بنارہے ہیں‘‘۔