’ ایک شام ۔ چارمینار کے نام‘ کا پرجوش انعقاد۔ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی

,

   

پولیس بیانڈ اور مزاحیہ مشاعرہ کا بھی اہتمام ۔ لیزر اینڈ لائٹ شو سے عوام محظوظ ۔ عوام نے عہدیداروں کو آئندہ کیلئے کچھ تجاویز بھی پیش کیں

حیدرآباد۔17 اکٹوبر(سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے دامن میں ’ایک شام چارمینار کے نام‘ کا پرجوش انعقاد عمل میں آیا ۔ ہزاروں شہریوں تفریحی پروگراموں میں حصہ لینے کے علاوہ اشیائے خورد و نوش سے لطف اندوز ہو کر شام کو یادگار بنایا۔ محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے 15یوم میں ایک بار چارمینار کے دامن میں تفریحی پروگرامس کے اعلان کے بعد یہ پہلا پروگرام تھا ۔ آج پولیس بیانڈ‘ مزاحیہ مشاعرہ کے علاوہ موسیقی ریز پروگرامس اور لیزر اینڈ لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا ۔ شام 4بجے سے پروگرام کیلئے چارمینار سے مکہ مسجد سڑک پر 60اسٹالس لگائے گئے جن میں اشیائیء خورد و نوش کے علاوہ چوڑیوں ‘ جویلری ‘ لسی ‘ مشروبات ‘ آئسکریم کے اسٹالس تھے۔ پولیس اسٹیشن چارمینار کے روبرو اسٹیج نصب کیا گیا جہاں پر پولیس بیانڈ کے علاوہ مشاعرہ کا اسٹیج اور موسیقی کا انتظام کیا گیا تھا اسی لئے چارمینار سے گلزار حوض سڑک پر عوام کا اژدہام تھا ۔ رکن اسمبلی چارمینار ممتاز احمد خان نے رکن بلدیہ پتھر گٹی ‘سید سہیل محمود قادری کے ہمراہ خصوصی اسٹالس کا معائنہ کیا اور عوامی رائے لی ۔ پولیس نے وسیع تر انتظامات کئے تھے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے ’شی ٹیم‘ کو متحرک رکھا تھا۔ سر شام موسیقی ریز رنگارنگ پروگرام کے آغاز کے ساتھ ہی نوجوان رقص کرنے لگے ۔ چارمینار جو کہ گذشتہ چند یوم سے ترنگا کے قمقموں سے بقعہ ٔ نور بنایا گیا اسے دیکھنے اور تصویر لینے والوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی ۔ لاڈ بازار میں سیاحوں کیلئے خصوصی انتظامات تھے ۔ عوام میں جوش و خروش دیکھا گیا ۔ کئی افراد اپنے افراد خاندان کے ساتھ پروگرام میں شریک رہے۔ پولیس بیانڈ کے بعد موسیقی پروگرام کے دوران عوامی مطالبات پر موسیقی کی دھن بجائی گئی علاوہ ازیں دونوں جانب سے لیزر لائٹ شو نے سیاحوں کو دم بخود کردیا ۔ عوام نے محکمہ بلدی نظم ونسق اور پولیس کے انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ گہما گہمی والے علاقہ میں مصروف تجارتی سرگرمیاں رہتی ہیں لیکن آج تفریحی سرگرمیوں سے چارمینار کی حقیقی خوبصورتی کے مشاہدہ کا موقع ملا ہے ۔رات 9 بجے کے بعد مزاحیہ مشاعرہ کا آغاز ہوا جو 11بجے تک جاری رہا ۔ اس کے باوجود سیاحوں کا وش و خروش باقی تھا اور وہ چارمینار کے اطراف گھوم کر خریداری اور ماحول سے لطف اندوز ہورہے تھے ۔ اس پروگرام کے دن لاڈ بازار تاجرین کو رات دیر گئے تک دکانات کھلی رکھنے کی اجازت دی ہے تاکہ سیاح خریداری کرسکیں۔ بلدی حکام کو عوام نے مشورہ دیا کہ اسٹیج کے روبرو چند کرسیوں کا انتظام کیا جائے تاکہ ضعیف شہریوں کو بیٹھنے کی سہولت ہوسکے۔ علاوہ ازیں سیاحوں نے محکمہ سیاحت اور بلدی نظم ونسق کے حکام سے خواہش کی کہ آئندہ نہ صرف چارمینار کو بقعۂ نور بنایا جائے بلکہ تاریخی مکہ مسجد‘ شفاء خانہ یونانی کے علاوہ گلزار حوض اور چار کمان‘ کالی کمان ‘ مچھلی کمان اور کمان سحر باطل کو بھی منور کیا جائے تاکہ دیگر تاریخی عمارتوں کی اہمیت بھی آشکار ہو اور سیاحوں کو ان کی خوبصورتی کا مشاہد ہ کروایا جائے۔م