اے پی اسمبلی بجٹ اجلاس ‘خصوصی اقدامات

,

   

پرسنل اسٹاف کا داخلہ ممنوع ۔ سماجی فاصلہ کی ہدایات
وجئے واڑہ 14 جون ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش اسمبلی کے عہدیداروں نے ریاستی مقننہ کے مجوزہ بجٹ اجلاس کے پرسکون انعقاد کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ ہدایات کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر جاری کی گئی ہیں۔ عہدیداروں نے اسمبلی اور کونسل کے ارکان کے علاوہ ریاستی وزراء سے کہا ہے کہ وہ اپنے پرسنل اسٹاف کو مقننہ بجٹ اجلاس کے دوران اسمبلی و کونسل کے احاطہ میں نہ لائیں۔ عہدیداروں نے یہ واضح کردیا کہ یہ بجٹ سشن خصوصی انداز میںمنعقد کیا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں نے ارکان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اجلاس کے دوران سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے ارکان سے مزید کہا کہ وہ اپنی گاڑیوں پر داخلہ پاسیس چسپاں کریں۔ احاطہ میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کی چیکنگ کی جائے گی ۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد کو ایوان کے احاطہ میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ارکان کے ساتھ صرف ان کے گن مین احاطہ میں داخل ہوسکتے ہیں۔ تمام ارکان کو یہ احکام بھی جاری کردئے گئے ہیں کہ وہ کسی طرح کے ہتھیار یا پلے کارڈز اپنے ساتھ نہ لائیں۔ آندھرا پردیش اسمبلی کا بجٹ اجلاس 16 جون سے شروع ہونے والا ہے ۔