اے پی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا 7 مارچ سے آغاز متوقع

   

حیدرآباد 24 فبروری ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے اسمبلی بجٹ اجلاس کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ 7 مارچ سے اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آغاز ہوگا اور یہ سشن ختم مارچ تک جاری رہے گا ۔ حکومت سشن میں 15 تا 20 ایام کار کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ 7 مارچ کو اسمبلی بجٹ اجلاس کے پہلے دن ایوان میں آنجہانی وزیر ایم گوتم ریڈی کو خراج پیش کیا جائیگا جن کا 21 فبروری کو قلب پر حملہ کی وجہ سے دیہانت ہوگیا تھا ۔ اس کے بعد ریاستی گورنر بسوا بھوشن ہری چندن اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے 8 مارچ کو خطاب کرینگے ۔ وزیر فینانس بی راجندر ناتھ ریڈی ایوان میں 11 یا 14 مارچ کو بجٹ پیش کریں گے ۔ راجندر ناتھ ریڈی کی جانب سے بجٹ کے محکمہ جاتی جائزہ کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے ۔ دوسری جانب حکومت اسمبلی میں کئی بلز بھی پیش کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ تین دارالحکومتوں کا بل بھی اسمبلی میں پیش کرنے پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے جنہیں گذشتہ نومبر میں واپس لے لیا گیا تھا ۔ بجٹ تیاری کیلئے مختلف محکمہ جات اپنی تجاویز بھی روانہ کرنا شروع کرچکے ہیں۔