حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاستی پلاننگ بورڈ کے وائس چیرمین بی ونود کمار نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ اے پی ری آرگنائزیشن ایکٹ کے تحت کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اس کے لیے جوابدہ ہیں ۔ کل مارکٹ کمیٹی چیرمین اور لیبر نمائندوں کے ایک اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارہا اپیلوں کے باوجود ریاست کے کسی آبپاشی پراجکٹ کو قومی موقف نہیں دیا گیا ۔ ونود کمار نے کہا کہ ’ بیارم اسٹیل پلانٹ ، آئی ٹی آئی آر پراجکٹ ہر ضلع کے لیے نودئیا ودیالیہ ، قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری ، نظام آباد میں ہلدی بورڈ ، مشن بھاگیرتا اور مشن کاکتیہ کے لیے فنڈ کی فراہمی چند مطالبات ہیں جنہیں مرکزی حکومت نے ابھی تک پورا نہیں کیا ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل ٹریڈیشنل میڈیسن سنٹر کو جام نگر ، گجرات میں شروع کیا گیا حالانکہ دراصل اسے حیدرآباد کے لیے منظور کیا گیا تھا ۔۔