اے پی میں تلگودیشم کے لیڈران گھروں پر نظربند

   


حیدرآباد: اے پی کے ضلع چتور میں پولیس نے تلگودیشم کے بیشتر لیڈروں کو گھروں پر نظربندکردیا تاکہ چلو تھمبلاپلی پروگرام کو ناکام بنایاجاسکے ۔جمعہ کو اس علاقہ میں اپوزیشن تلگودیشم اور حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس کے کارکنوں میں ہوئے تصادم کے نتیجہ میں تلگودیشم کا ایک کارکن زخمی ہوگیا تھا اور بعض گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا جس کے بعد تلگودیشم پارٹی نے ہفتہ کو احتجاج کی اپیل کی تھی۔اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعات کو روکنے کے لئے پولیس نے اصل اپوزیشن کے لیڈروں بشمول سابق وزیر امرناتھ ریڈی،این کشور کمار ریڈی،جی شنکریادو،پی نانی،بی این راج نرسمہلو،جی نرسمہایادو اور دیگر کو ان کے مکانات پر نظربند کردیا۔پولیس نے واضح کیا کہ کوویڈ کے اصولوں کے پیش نظر کسی بھی قسم کی ریالی،جلسے یا جلوس کی کوئی اجازت نہیں ہوگی۔