اے پی میں 2 ٹرینوں کا تصادم، 8 افراد ہلاک

   

حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے وجیانگرم ضلع میں 2 پاسنجر ٹرینوں کے تصادم کے نتیجہ میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور درجنوں دوسرے زخمی ہوگئے۔ کہا گیا ہے کہ وجیانگرم سے رائے گڑھ جانے والی ایک پاسنجر ٹرین وشاکھاپٹنم سے پلاسا جانے والی ٹرین سے ٹکرا گئی۔ ریلوے عہدیداروں نے بتایا کہ اِس حادثہ کے نتیجہ میں رائے گڑھ جانے والی ٹرین کی 3 بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں۔ ایک ریلوے عہدیدار نے بتایا کہ وجیانگرم سے رائے گڑھ جانے والی پاسنجر ٹرین کے ساتھ وشاکھاپٹنم سے پلاسا اُسی روٹ پر سفر کرنے والے ٹرین کا ٹکراؤ ہوگیا جس کے نتیجہ میں یہ اموات ہوئیں اور مسافرین زخمی بھی ہوگئے۔ حادثہ کے نتیجہ میں ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں۔ حادثہ کے بعد یہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ تاریکی کی وجہ سے راحت اور امدادی کام میں مشکلات پیش آئیں۔ حادثہ کے بعد پولیس اور بچاؤ ٹیمیں یہاں پہونچ گئیں۔ مقامی انتظامیہ اور این ڈی آر ایف کو بھی مدد کے لئے طلب کرلیا گیا ہے۔ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لئے ایمبولنس گاڑیوں کو بھی طلب کرلیا گیا۔ ڈیویژنل ریلوے منیجر نے یہ بات بتائی۔ چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا۔