اے پی کو رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم کام روکنے کی ہدایت

   

امراوتی / حیدرآباد ۔ کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ نے حکومت آندھرا پردیش کو ہدایت دی کہ وہ رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم کے کام کو روک دے اور ٹنڈر کے عمل کو آگے نہ بڑھائے تاوقتیکہ بورڈ اس کی منظوری نہ دے ۔ بورڈ کے رکن ہری کیش مینا نے اسپیشل چیف سکریٹری ( آبی وسائل ) کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم کی تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ اور مرکزی آبی کمیشن کو پیش نہیں کی ہے ایسے میںریاستی حکومت اس پراجیکٹ پر پیشرفت نہیں کرسکتی ۔ آندھرا پردیش حکومت نے 27 جولائی کو رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم کے کاموں کیلئے ٹنڈرس کی طلبی کا اعلان کیا تھا ۔ امید ہے کہ یہ پراجیکٹ 3,278 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا جائیگا۔ ٹنڈر کیلئے جو اعلامیہ ظاہر کیا گیا ہے اس میں اس کام کو 30 میں مکمل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ اسکیم کے تحت یومیہ 34,722 کیوسک پانی اس اسکیم سے حاصل کرنے کا منصوبہ ہے جو رائلسیما علاقہ میں سربراہ کیا جایگا۔