بابر اعظم ہندوستان کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے کے خواہاں

   

اولڈ ٹریفورڈ ۔15 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم ہندوستانی کپتان اور دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ویراٹ کوہلی کو اپنا رول ماڈل سمجھتے ہیں اور ان کی طرح میچ ختم کرنے کی عادت ڈال رہے ہیں۔ وہ ہندوستان کے خلاف کامیابی میں اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ 24سالہ بابر نے کہا کہ وہ بڑے میچ میں بڑی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں، اس میچ میں ٹیم کا ہرکھلاڑی اپنا صد فیصد مظاہرہ کرنے کیلئے پرعزم ہے، نتائج اچھے ہوں گے۔ بابر اعظم کے بموجب کوہلی کی ویڈیوز دیکھ کر اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں امید ہے کہ جلد ان کی طرح میچ جتوانے کی صلاحیت بھی آجائے گی۔ اولڈ ٹریفورڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ کوہلی بڑے بیٹسمین ہیں ان کے کھیل میں سب کچھ وقت اور تجربے کے ساتھ آیا ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کا فائنل کبھی بھول نہیں سکتے۔ ہندوستان کے خلاف یادگار کامیابی کل ہی کی بات لگتی ہے لیکن اب نئے میچ کے لئے مجھ پر کوئی دبائو نہیں ہے۔ ہم نے ہندوستان کو شکست دینے کے لئے الگ منصوبہ بنایا ہے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹورنمنٹ کی کمزور ٹیم ہے۔ جو گذرگیا اس کے بارے میں نہیں سوچ رہے اور جو آرہا ہے اس میچ پر توجہ ہے امید ہے بھرپور محنت اور منصوبہ کے ساتھ ہندوستان کو شکست دیں گے اور ورلڈ کپ میں اپنے امکانات کو روشن رکھیں گے۔