حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریاست میں موسلادھار بارش سے سڑکوں کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو تعمیری اور مرمتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وینکٹ ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں ریاست بھر میں شاہراہوں اور بریجس کو ہوئے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی اور تعمیری کاموں کے سلسلہ میں تجاویز اور منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے اختتام کے ساتھ ہی سڑکوں کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ عوام کو کوئی دشواری نہ ہو۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل کم کرنے کیلئے عہدیداروں کو مصروف ترین علاقوںکی سڑکوں اور کلورٹس کے مرمتی کاموں پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرمتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے اعلیٰ عہدیداروں سے کہا کہ وہ تعمیری کاموں کی نگرانی کریں۔ تلنگانہ میں آر اینڈ بی کے 37 ڈیویژنس سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔ بارش کے دوران عہدیداروں کی غیر معمولی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تعطیلات کی منسوخی کے باوجود عہدیداروں نے مستعدی کے ساتھ کام کیا ہے۔ گزشتہ 10 دن کی بارش کے دوران آر اینڈ بی کے حدود میں 739 ایسی سڑکوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں نقصان پہنچا۔1
انہوں نے کہا کہ 854 کیلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25 مقامات پر ہنگامی طور پر سڑکوں کے مرمتی کام انجام دیئے گئے ۔ سڑکوں کے مرمتی کاموں پر 46 کروڑ کے مصارف کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں سے متعلق رپورٹ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی کو روانہ کی جائے۔1