بارش سے متاثرہ کسانوں کی فوری مدد کرنے کا مطالبہ

   

کوہیر ضلع پریشد رکن جی رام داس کی صحافیوں سے بات چیت

کوہیر۔ 28 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جی رام داس ضلع پریشد رکن کوہیر منڈل محمد شوکت علی وارڈ ممبر گرام پنچایت دگوال ایم اشوک سابق ایم پی ٹی سی کویلی، محمد تحسین، محمد ظہیر الدین دگوال نے آج کوہیر منڈل کے کویلی اور کوہیر نارنجہ واگو کے عقبی علاقوں کے کھیتوں کا گزشتہ 8 تا 10 دنوں سے مسلسل ہونے والی بارش کی وجہ سے خریف کھڑی فصلوں کا معائنہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہو رہی بارش کی وجہ سے بارش کا پانی ٹھہرنے سے تباہ و برباد ہونے کے دہانے پر ہے جس میں تور، مکئی، سویا بین، اڑد، مونگ، کپاس، دالیں، ترکاریاں پانی میں ڈوب گئی ہیں جس کی وجہ یہاں کسان شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے عہدیداروں سے خواہش کی کہ فوری طور پر فصلوں کے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع کلکٹر کو رپورٹس روانہ کریں۔ رام داس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہیکہ کسان مزید نقصانات سے پریشان حال ہیں فی ایکڑ 25 ہزار روپے معاوضہ جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں ژالہ باری میں بھی آم اور دیگر فصلوں کے لئے 10 ہزار روپے ادا کرنے کا حکومت نے وعدہ کیا تھا۔ آج وہ بھی پورا نہیں کیا گیا یہاں کے عوام کی زندگی صرف شعبہ زراعت سے وابستہ ہے۔ اگرچہ ایسا نہیں کیا گیا تو کسان سڑکوں پر آجائیں گے۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا حکومت نے اعلان کیا ہیکہ اب کی بار کسان سرکار۔ کوہیر منڈل کے کسانوں کو معاوضہ نہیں دیا گیا کوہیر منڈل میں کانگریس پارٹی کسانوں کے حق کیلئے بڑے پیمانہ پر احتجاجی دھرنا منظم کرے گی۔