بارش سے ناگر کرنول میں دو حادثات ‘تین خواتین ہلاک

   

برقی شاک سے دو سگی بہنیں تسلیم بیگم اور عالیہ بیگم فوت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ضلع ناگر کرنول میں جمعہ کو بارش کی وجہ سے دو الگ الگ حادثات میں تین خواتین کی موت واقع ہوگئی ۔ برقی شاک لگنے کی وجہ سے دوسگی بہنیں تسلیم بیگم اور عالیہ بیگم کی بھی جان چلی گئی اور بجلی گرنے کے واقعہ میں جی شیاملا اماں کی موت واقع ہوگئی ۔ جمعہ کے دن شام 7 بجے تیز ہواؤں سے بارش ہوئی جس سے گھر کے چھت کا کچھ حصہ برقی تاروں پر گر گیا جس سے گھر کے کام میں مصروف تسلیم بیگم کو برقی شاک لگ گیا ۔ انہیں بچانے کی کوشش میں ان کی بہن عالیہ بیگم بھی برقی شاک لگنے سے ہلاک ہوگئی ۔ مقامی عوام نے انہیں فوری ناگر کرنول کے جنرل ہاسپٹل کو منتقل کیا ۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ ہاسپٹل پہونچنے تک ان کی موت واقع ہوگئی تسلیم بیگم کے خاندان میں ان کے شوہر دو فرزند اور ایک دختر شامل ہے جب کہ عالیہ بیگم کے خاندان میں شوہر کے علاوہ چار دختران شامل ہیں ۔ ایک سال قبل ہی سانپ کاٹنے سے ایک دختر کی موت واقع ہوگئی تھی ۔ اور ایک حادثہ میں شیاملا اماں کی بجلی گرنے سے موت واقع ہوگئی ۔ دوپہر ڈھائی بجے وہ اپنے کھیت میں کام کررہی تھی بارش کی وجہ سے وہ ایک جھاڑ کے نیچے پناہ لے رہی تھی ۔ جھاڑ پر بجلی گرنے سے وہ برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ بارش کے کچھ دیر بعد کھیت کو پہونچنے والے شیاملا اماں کے فرزند نے خاندان کے دوسرے ارکان کو اس کی اطلاع دی ۔۔ 2