بالاسور ریل حادثہ کے معاملے میں سی بی آئی نے درج کیا مقدمہ، ریلوے افسران سے پوچھ گچھ، ٹریک ۔ سگنل سسٹم کی گہری جانچ

,

   

کٹک: اوڈیشہ کے بالاسور میں ہوئے بھیانک ریل حادثہ کو لے کر سی بی آئی نے اپنی جانچ شروع کردی ہے ۔ سی بی آئی نے ایک ایف آئی آر آئی پی سی اور ریلوے ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت درج کی ہے ۔ آئی پی سی کی دفعات 337 ، 338، 304 اے، 34 اور ریلوے ایکٹ کی دفعات 153، 154، 175 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ۔ حادثہ کی جانچ کے سلسلے میں منگل کو سی بی آئی اور فارینسک ٹیم جائے واقعہ پر پہنچی تھی اور افسران سے پوچھ گچھ کی ۔ سی بی آئی نے وزارت ریل کی سفارش اور اوڈیشہ سرکار کی رضامندی اور ڈی او پی ٹی سے موصول احکامات کی بنیاد پر معاملہ درج کیا ہے ۔بتادیں کہ بالاسور میں گزشتہ دو جون کو ہوئے ریل حادثہ کی جانچ کررہی سی بی آئی کی 10 رکنی ٹیم اوڈیشہ میں ہے اور اس نے منگل کو پٹریوں اور سگنل روم کا معائنہ کیا اور بہانگا بازار ریلوے اسٹیشن پر تعینات ریل افسران سے بھی پوچھ گچھ کی ۔ سی بی آئی افسران کے ساتھ پہنچی فارینسک ٹیم نے بھی سگنل روم کے اہلکاروں سے بات چیت کی اور مختلف آلات کے استعمال اور ان کے کام کرنے کے طریقوں کی جانکاری حاصل کی ۔