باندہ: اترپردیش کے ضلع باندہ میں شہر کوتوالی علاقے میں شرپسند عناصر کے ذریعہ ایک مذہبی مقام پر نعرہ لکھ کر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی جسے انتظامیہ کی مستعدی سے ناکام کردیا گیا۔ باندہ شہر کے آزاد نگر محلے میں یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب صبح کی نماز ادا کرنے لوگ مسجد سے نکلے اور ان کی نظر مسجد کے مین گیٹ کی دیوار پر پڑی۔ جہاں پر جئے سیتا رام گیروا رنگ سے لکھا ہواتھا جسے دیکھ کر وہاں موجود شہری اور نمازی بھی حیران رہ گئے ۔ اور فورا پولیس کو مطلع کیا۔موقع پر کثیر تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے بات چیت کر عوامی تعاون سے مسجد کی دیواروں کو صاف کرایا۔ جس کے بعد عوامی تعاون و پولیس کاروائی سے ماحول خراب ہونے سے بچ گیا۔ موقع پر موجود افراد نے شرپسند عناصر کی اس کام کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے چپ چاپ لکھ کر فرار ہونا فرقہ وارانہ ماحول خراب کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے ایسے عناصر کی نشاندہی کر ان کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا۔