باورچی خانہ حسن کا خزانہ

   

مالٹے‘ سنگترے یا کینو کے چھلکے‘ ٹی بیگز‘ ٹماٹر اور بچا ہوا دہی گھر میں کوئی بھی فالتو چیز نہیں ہوا کرتی۔ہم انہیں ناقص اور بے کار سمجھ کر الگ کر دیتے ہیں۔ان رکھی ہوئی یا بچی ہوئی اشیاء میں بھی بے پناہ تاثیر ہوتی ہے۔اگر آپ کاسمیٹکس کے ساتھ ساتھ گھریلو چٹکلوں کی مدد سے جلد کی حفاظت اور نکھار جیسے مقاصد پورے کر لیں تو اس میں کوئی حرج بھی نہیں۔ مقامی خواتین کی اکثریت کو ان ٹوٹکوں کی معلومات ہوتی ہے لیکن ڈیلی میل کی کالم نگار مینڈی فرانسز کا کہنا ہے کہ باورچی خانے میں آپ کے حسن کا خزانہ چھپائے ہوتا ہے۔اس میں موجود تمام چیزیں آپ کے حسن کو سنوارنے اور نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
بروکولی کا پیسٹ جلد کی نرمی اور شگفتگی کیلئے بروکولی کے پتے خشک اور ناہموار جلد کیلئے بہت مفید ہوتے ہیں۔ اس کے مٹھی بھر پتے آپ کو معمول کے مطابق وٹامن A کا 70 فیصد حصہ مہیا کرتے ہیں۔ماہرین غذائیت کہتے ہیں کہ وٹامن A کی کمی سے جلد خشک اور کھردری ہو جاتی ہے۔اس لئے گہرے سبز پتوں والی سبزیوں میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈ اور بیٹاکیروٹین ہوتے ہیں جو اندرونی طور پر یعنی غذائی شکل میں استعمال کرنا بھی مفید ہوتے ہیں اور ظاہری جلد کی چمک دوبالا کرنے‘ شگفتگی‘ نرمی اور تازگی بخشنے کیلئے بھی اکسیر مانے جاتے ہیں۔ دیر تک جاگنے یا نیند کی کمی کے علاوہ کمپیوٹر پر دیر تک کام کرتے رہنے سے آنکھوں کے نیچے سوجن آتی ہے اگر بروکولی کے پتوں کو پیس کر عرقِ گلاب کے ساتھ ملا کر آنکھ کے حلقوں کیلئے لگایا جائے تو اس مسئلے میں بھی افاقہ ہوتا ہے۔